پاک بھارت میچ کے بعد انتہا پسند ہندوؤں کا کشمیری طلبہ پر حملہ

October 25, 2021

گزشتہ روز ہونے والے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی تاریخی شکست کے بعد انتہا پسند ہندو غصّے میں آگئے اور معصوم کشمیری طلبہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے ضلع سنگور کے ایک انجینئرنگ کالج میں کئی کشمیری طالب علم میچ دیکھ رہے تھے اور جیسے ہی بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہوا تو چند انتہا پسند ہندوؤں نے رات گئے کشمیری طالب علموں پر حملہ کیا۔

اس حوالے سے کشمیری طالب علم نے بتایا کہ وہ پاک بھارت میچ دیکھ رہے تھے اور میچ ختم ہونے کے بعد کچھ غنڈے اُن کے کمرے میں گُھس آئے۔

دوسری جانب بھارتی پولیس نے اس واقعے کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔