’’اسکوئڈ گیم شو‘‘نیٹ فلکس کا ایک تاریخی اور ریکارڈ ساز شو قرار

October 26, 2021

سیؤل(مانیٹرنگ ڈیسک)اسکوئڈ گیم کو نیٹ فلکس کا ایک تاریخی اور ریکارڈ ساز شو قرار دیا گیا ہے۔ اس شو کے ہدایتکار اور لکھاری جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے ہوانگ ڈونگ ہیوک ہیں۔اس شو کا اولین سیزن کامیابی کی نئی منزلیں طے کر چکا ہے اور راستے میں آنے والے قریب سبھی ریکارڈ کو توڑتا گیا۔اس شو میں کل 456 مقروض افراد کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ بچوں جیسے کھیلوں کا حصہ بنیں اور 38 ملین ڈالر جیت لیں۔ کامیاب نہ ہونے کی صورت میں کھیل کا حصہ بننے والے کا مقدر لازمی موت بنتی ہے۔اس گیم کی بنیاد شدید معاشرتی عدم مساوات پر ہے اور اس کا حصہ بننے والے ہمدردی کے مستحق افراد ہیں۔ نیٹ فلکس کا یہ شو اب تک سب سے زیادہ دیکھا جانے والا شو بن چکا ہے۔اس شو کے ہر حصے میں بتدریج شدت پیدا ہوتی چلی جاتی ہے۔ یہ ڈرامہ سیریز ʼگیم آف تھرونز‘ یا ʼڈارک‘ سے مختلف ہے۔ اسکوئڈ گیم کا پلاٹ سادہ ہے اور یہ مقروض افراد کے کرداروں پر مبنی ہے اور اس کا منظر نامہ بھی بہت محدود ہے۔ اسکوئڈ ریئلیٹی شو میں شریک افراد کے چہروں پر پہنے ماسک پر تین نشانات ہوتے ہیں، جو ان کے درجات ظاہر کرتے ہیں۔ یہ تین نشانات دائرہ، مثلث اور مربع ہیں۔ یہی نشانات گیم میں شریک افراد کی کامیابی ظاہر کرتے ہیں۔ سبقت والے مربع نشان کے حامل ہوتے ہیں۔ دوسرے مقام پر مثلث اور پھر سرکل کے حامل شرکاء ہوتے ہیں۔ سرکل اور ٹرائی اینگل نشانات والے افراد کی سہولتیں محدود ہوتی ہیں اور یہ اسکوائر نشان والوں کے تابع بھی ہوتے ہیں۔یہ امر اہم ہے کہ مختلف پروڈکشن ہاؤسز ہدایتکار ہوانگ ڈونگ ہیوک کی اس شو کو عکس بند کرنے کی تجویز کو 10 برس تک لٹکاتے رہے اور اسے وہ غیر حقیقت پسندانہ اور پرتشدد قرار دیتے تھے۔بظاہر اسکوئڈ گیم میں کھیلا جانے والا کھیل ایک اسکول کے میدان میں منعقد کیا گیا۔ بتدریج اس شو میں خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔