بھارت، نیوزی لینڈ کو شکست: شہباز گِل کا نواز شریف پر طنز

October 27, 2021

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں بھارت اور نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام لیے بغیر ان پر طنزیہ وار کردیا۔

ڈاکٹرشہباز گِل نے گزشتہ روز پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کا رخ کیا۔

شہباز گِل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’بھارت کو شکست ہوئی، نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی کا مسلہ حل ہوگیا لیکن وہ نہیں آیا جو لندن دوائی لینے گیا تھا‘۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے۔