برسلز میں پاک، بھارت میچ دونوں ملکوں کے طلبہ نے اکٹھے دیکھا

October 28, 2021

برسلز( حافظ انیب راشد ) پاک، بھارت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ جہاں دونوں اقوام نے علیحدہ علیحدہ دیکھا وہیں بلجیم میں واقع دو یونیورسٹیز میں موجود پاکستان اور انڈیا کے طالب علموں نے یورپین دارالحکومت برسلز میں اس میچ کو مشترکہ طور دیکھا، اس اکٹھے میچ دیکھنے کا انتظام بلجیم کی دو یونیورسٹیز کے یو لیوون اور VUB میں زیر تعلیم دونوں ممالک کے طلبہ پر مشتمل سائوتھ ایشین سٹوڈنٹ سوسائٹی SASS نے کیا تھا ۔ اس موقع پر بھائی چارے کا ایک بہترین ماحول رہا اور دونوں ممالک کے طلبہ نے ایک دوسرے کے ملکوں کے کھلاڑیوں کو بھر پور داد دی، اس موقع کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی طالبہ ماہ رخ مرزا نے کہا کہ یہ ایک اہم تجربہ تھا کہ اپنے خطے کے ایک اہم کھیل کرکٹ کو ہم نے مشترکہ طور پر دیکھا۔ اس میچ نے سب سے بڑے ٹاکرے کے طور پر ہمارے اندر حب الوطنی کے تمام جذبات ابھارے لیکن جو چیز خاص طور پر اہم تھی کہ کبھی کبھار دوستانہ تنائو کے باوجود دونوں طرف کے افراد کو ایک دوسرے کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے دیکھا جائے۔ یہاں دونوں ممالک کے قومی ترانے سب نے مل کر گائے جو کہ ایک خوشگوار تجربہ تھا۔ ایس اے ایس ایس کی شریک بانی ماہ رخ مرزا نے مزید کہاکہ اس تجربے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ کھیل کس طرح دہائیوں پرانی دشمنیوں سے بالا تر ہوکر امن کو فروغ دے سکتے ہیں۔ دوسری جانب SASS کے انڈین رکن مانسی سنگھ نے کہا کہ بھارت کے ہارنے کے باوجود میں پاکستانی طلبہ کی انرجی دیکھ کر مسکرا رہا تھا، جب پاکستان کی ٹیم جیت گئی تو سب ہی گلے ملے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ سب نے مل کر میچ دیکھا اور سب نے اکٹھے کھانا کھایا، انہوں نے بھی اس اکٹھ کو خوش کن تجربہ قرار دیا۔