مودی نے جنت نظیر وادی کو بدترین جیل میں بدل دیا ،کمشنر

October 28, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ کے سلسلے میں مرکزی تقریب رضا ہال میں منعقد ہوئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےکمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس وقت عالمی سطح پر کشمیر کے سفیر بن چکے ہیں۔کشمیر جنت نظیر وادی کو مودی سرکار نے دنیا کی بدترین جیل میں بدل دیا ہے۔ تاریخ میں انسانی حقوق کی پامالی کی اس سے زیادہ گھناؤنی مثال نہیں ملتی۔پاکستان کشمیریوں بہن بھائیوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حاجی جاوید اختر انصاری‘ خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ اہل وطن بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں،تقریب کے اختتام پر کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی قیادت میں ریلی بھی نکالی گئی۔