امیتابھ بچن پائلٹ بننا چاہتے تھے؟

October 28, 2021

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے بڑے پردے پر اپنی متاثر کُن اداکاری سے کروڑوں دلوں پر راج کیا ہے لیکن فلموں میں قدم رکھنے سے پہلے بگ بی کے کچھ اور ہی منصوبے تھے یعنی وہ پائلٹ بننا چاہتے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ’وہ فلمی دُنیا میں آنے سے قبل پائلٹ بننا چاہتے تھے۔‘

امیتابھ بچن نے کہا کہ ’میں بچپن سے ہی ایئرفورس میں جانے کا خواہشمند تھا لیکن میری ماں کو میرے ہوائی جہاز اُڑانے سے ڈر لگتا تھا اور مجھے یہ لگتا تھا کہ میری ٹانگیں اتنی لمبی ہیں تو میں کیسے جہاز میں بیٹھوں گا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں جب ائیرفورس میں نہیں جاسکا تو میں نے اداکاری کو اپنا کیرئیر بناتے ہوئے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔‘

واضح رہے کہ 1969میں بالی ووڈ میں فلم ’سات ہندوستانی‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے امیتابھ بچن نے گزشتہ سال ہی بالی ووڈ میں 51 برس مکمل کیے ہیں۔

امیتابھ بچن بالی ووڈ کے ایسے اداکار ہیں جو صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ ان کے چاہنے والے پوری دنیا میں موجود ہیں، وہ چاہے کوئی بھی زبان بولتے ہوں امیتابھ کا چہرہ ان کے لیے انجانہ نہیں۔

انہوں نے فلم ’سات ہندوستانی‘ سے سن 1969 میں فلمی کیرئیر کی ابتداء کی مگر اصل شہرت انہیں ’اینگری ینگ مین‘ کے کردار والی فلم ’زنجیر‘ سے ملی۔ ’زنجیر‘ نے حددرجہ کامیابی حاصل کی اور یہیں سے امیتابھ بچن کا لازوال کیرئیر شروع ہوا۔