موسمِ سرما کیلئے بجلی سستی، نوٹیفکیشن جاری

November 09, 2021

موسمِ سرما کے لیے بجلی سستی کرنے کے حکومتی پیکیج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نیپرا کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے موسمِ سرما کے لیے بجلی سستی کرنے کے حکومتی پیکیج کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

جاری کیئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق رعایتی پیکیج کا اطلاق یکم نومبر 2021ء سے 28 فروری 2022ء تک ہو گا۔

گزشتہ سال کی نسبت زیادہ بجلی کے استعمال پر ریٹ 12 روپے 96 پیسے فی یونٹ ہو گا، نئے بجلی کے صارفین کے لیے بھی زائد کھپت پر یہی ریٹ نافذ ہو گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گھریلو، کمرشل اور جنرل سروسز کے صارفین کے لیے بھی 12 روپے 96 پیسے فی یونٹ ریٹ ہی ہو گا۔

بجلی کے اضافی استعمال پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق نہیں ہو گا، اضافی بجلی کے استعمال پر مثبت فیول ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ہو گا۔

واضح رہے کہ نیپرا نے گزشتہ ہفتے حکومتی رعایتی پیکیج کی منظوری دی تھی۔

نیپرا کی جانب سے موسمِ سرما کے لیے رعایتی پیکیج کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا گیا تھا۔

یہ پیکیج کے الیکٹرک سمیت پورے ملک کے صارفین کے لیے ہے۔