پاکستان کے سکس ہٹر آصف علی مہینے کے بہترین کرکٹر قرار

November 10, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے سکس ہٹر آصف علی کو پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا ہے۔ فیصلہ پبلک ووٹنگ کے ذریعے ہوا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف میچ میں آصف علی نے چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلائی تھی ۔ آئی سی سی نے آصف علی کے علاوہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور نمیبیا کے ڈیوڈ ویزےکو بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا تھا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی پلیئر آف دی منتھ رہ چکے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آصف علی کو نیوزی لینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر برق رفتار 27 رنز اور افغانستان کے خلاف 19 ویں اوور میں چار چھکوں کی شاندار کارکردگی پر نامزد کیا گیا تھا۔