بلجیم میں کورونا سے بچاؤ کیلئے طالب علم آج سے فیس ماسک پہنیں گے

November 10, 2021

برسلز( حافظ انیب راشد ) بلجیم میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آج سے طالب علم کلاسوں میں فیس ماسک پہنیں گے۔ اس بات کا فیصلہ بلجیم کے دونوں حصوں فلامش اور فرنچ ریجن کے علاوہ دارالحکومت برسلز میں بھی کیا گیا ہے۔ دونوں حصوں کے محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق اسکولوں میں بچوں کو محفوظ رکھنے اور وہاں کورونا کے پھیلائو کو روکنے کی غرض سے آج سے حفاظتی اقدامات نافذ کیے جارہے ہیں۔ جس میں پرائمری کے طلبہ کلاسوں میں ماسک پہنیں گے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام کورونا کے پھیلائو کے باوجود زیادہ سے زیادہ دیر تک سکولوں کو کھلا رکھنے کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔