وفاقی کابینہ، افغانستان سے درآمدات پر ٹیکس ختم، وافر گندم، چاول بھجوانے، فنڈ قائم کرنے، OIC اجلاس بلانے کا فیصلہ

November 10, 2021

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کیلئے افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ 2010ء میں چھ ماہ کے لئے توسیع ‘ جوائنٹ سیکریٹری توانائی ڈویژن احمد تیمور ناصر کی بطور عارضی منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی )تعیناتی‘ اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 25۔2020 کی منظوری دیدی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گندم اور چاول کی وافر مقدار افغانستان بھیجی جائے گی۔

افغانستان سے ہونے والی درآمدات پر ٹیکسز بھی ختم کئے جا رہے ہیں‘افغانستان کے عوام کی مدد کے لئے کابینہ نے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘پاکستان کے عوام براہ راست افغانستان کی مدد کر سکیں گے۔

دسمبر میں او آئی سی ممالک کے وزراء خارجہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس میں مسلم امہ سے افغانستان کی مدد کی اپیل کی جائے گی‘ افغانستان کی صورتحال کسی المیہ سے کم نہیں‘حال ہی میں وہاں 8بچے بھوک سے جاں بحق ہوئے‘ بچوں کو آٹے اورچاول کیلئے بیچاجارہاہے۔

ہم افغان عبوری حکومت کو ابھی تسلیم نہیں کررہے‘ہر چیز پر سبسڈی دے کر ملک نہیں چلایا جا سکتا‘کابینہ نے 15نومبر سے 31مارچ 2022ءتک ساڑھے 4ماہ کیلئے کیپٹو پاور پلانٹس کے لئے گیس کا نرخ 6.5 ڈالر سے بڑھا کر 9 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کر دیا ہے‘اس فیصلے سے گھریلو صارفین پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

کالعدم تحریک طالبان کے ان گروپوں سے مذاکرات ہوں گے جو پاکستان کے آئین اور قانون کا احترام کریں گے‘ یہ نہیں ہو سکتا کہ ریاست ہر وقت حالت جنگ میں رہے، جو لوگ پاکستان کے آئین و قانون کا احترام کرتے ہوئے واپس آنا چاہتے ہیں، ریاست کو انہیں موقع دینا چاہئے‘ اپوزیشن کو پہلے دو سال پھر پانچ سال مزید صبر کرنا ہوگا۔

اپوزیشن بھان متی کا کنبہ ہے، ان کے پاس نہ کوئی لیڈر اور نہ کوئی پلان ہے، ان کا مقصد صرف سازشیں کرنا ہے، پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ونٹر ایکٹیویٹی ہے، اپنا شوق پورا کرلیں‘نواز شریف دسمبر میں کیوں، اسی مہینے واپس آئیں، ہم تو چاہتے ہیں کہ وہ کوئی تو کمٹمنٹ پوری کریں۔

شہباز شریف کو چاہئے کہ وہ نواز شریف کو واپس لائیں‘چینی کا بحران آئندہ چند روز میں حل ہو جائے گا‘اگلے دو ماہ میں مہنگائی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں جس طریقے سے صورتحال بن رہی ہے ایسا لگتا ہے کہ شام اور یمن کا بحران بھی پیچھے رہ جائے گا۔وفاقی کابینہ نے دنیا بالخصوص مسلم ممالک سے افغانستان کی مدد کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں مقامی سطح پر تیار ہونے والے پنکھوں کے معیار کو بہتر کرنے اور بجلی کی کھپت کم کرنے کے لئے کابینہ نے پنکھوں کو پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی لسٹ میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے۔

مقامی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کابینہ نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں واقع پی ٹی ڈی سی کی املاک کو شفاف طریقہ کار کے ذریعے نجی شعبے کو لیز پر دینے کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ای سی سی کے 4 نومبر 2021ءکو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔

اس میں سب سے اہم فیصلہ یہ ہوا ہے کہ پورے ملک میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت داخلہ نے مل کر ملک بھر میں 911 ایمرجنسی لائن قائم کرنے کا اقدام اٹھایا ہے تاکہ کسی بھی سانحہ یا ایمرجنسی کی صورت میں ایک ہی ہیلپ لائن پر کال کر کے مدد کی جا سکے۔