دھرنا شرکاء میں پیسوں کے لفافے تقسیم کرنے کی خبریں غلط، بےبنیاد ہیں، ترجمان تحریک لبیک

November 10, 2021

لاہور(نمائندہ جنگ) تحریک لبیک پاکستان نے دھرنے کے شرکاء میں رقوم یا پیسوں کےلفافے تقسیم کرنے کی خبروں کو غلط، بےبنیاد اورحقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنا شرکاء سر پر کفن باندھ کر نبی پاکؐ کی حرمت کیلئے گھروں سے نکلے تھے ، روپیہ پیسہ انکے لئے اہمیت نہیں رکھتا ۔ٹی ایل پی کی انتظامیہ ،جماعت کے رہنمائوں یا اداروں کی جانب سے شرکاء میں پیسے تقسیم کئے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں۔ٹی ایل پی ترجمان صدام بخاری کا کہنا تھا اس حوالےسے جو مبینہ تصویر زیرگردش ہے اس میں کہیں رقوم یا لفافے تقسیم ہوتے نہیں دکھائی دے رہے۔ دکھائی جانیوالی تصاویرکے بارے میں ترجمان صدام بخاری نے کہا کہ یہ بات سراسر حقائق کے منافی ہے ،اتنےبڑے میڈیا کی موجودگی میں یہ ممکن نہیں کہ ایک تصویر رہ جائے اور باقی ڈیلیٹ کر دی گئی ہوں، جب دھرنے میں پیسے تقسیم ہوئے تھے تو سب کے سامنے تھا، اگر وہ بات نہیں چھپی تو اگر اب پیسے تقسیم ہوتے تو یہ بھی نہ چھپتے ۔