بیسن کا فیشل

November 12, 2021

بیسن کچن میں استعمال ہونے والی عام چیز ہے ۔اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ جلد کی خوب صورتی کے لیے بہت فائدے مند ہے ۔چہرے پر موجود داغ دھبے ،ایکنی کو فوری طور پر ختم کرتا ہے ۔یہ بلیک ہیڈز کو ختم اور رنگ بھی نکھارتا ہے ۔

سورج کی دھوپ، تپش اور گرمی سے چہرے کی نہ صرف رنگت پر برا اثر پڑتا ہے بلکہ اسکن لوز بھی ہونے لگتی ہے۔بیسن جلد کے ان تمام مسائل کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی جلد بالکل صاف شفاف ہو اور اس کی شادابی بر قرار رہے ۔

تو بس اپنی جلد کو بیسن کی خوبیوں سے سنواریں اور پائیں ایسی خوبصورتی کے کوئی بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکے ۔اس ہفتے ہم آپ کو بیسن کے فیشل کے بارے میں بتا رہے ہیں ،انہیں آزما کر دیکھیں نتائج سے آپ بھی حیران رہ جائیں گی ۔اگر آپ اس فیشل کے بہتر نتائج چاہتی ہیں تو اس کا استعمال روزانہ کریں۔

٭… دو چائے کے چمچے بیسن میں ایک کھانے کا چمچہ دودھ ڈال کر اچھی طرح چہرے پر لیپ لگائیں اور خشک ہونے پر رگڑ رگڑ کر چہرہ صاف کرلیں۔

٭… ایک پیالی میں تین چائے کے چمچے بیسن، ایک چائے کا چمچہ چینی، نمک اور ایلوویرا کا جیل ملائیں اور چہرے پر لگاکر خوب مساج کریں، تاکہ گرد ومیل نکل جائے۔

٭… دو چائے کے چمچے بیسن میں ایک چائےکا چمچہ شہد، ایک چائے کا چمچہ پسی ہوئی دار چینی ، ایک چائے کا چمچہ ناریل کا تیل اور لیموں کا رس شامل کر کے پیسٹ بناکر چہرے پر لگا ئیں۔ سوکھنے پر پانی سے دھو لیں اور عرقِ گلاب کا اسپرے کریں۔

٭… گلیسرین اور پنیر بوٹی کے پانی کو مکس کریں اور اس کو بھی چہرے پر لگائیں۔