کینٹ،کمرشلائزیشن فیس، پراپرٹی ٹیکس اضافہ مسئلہ حل کیلئے کمیٹی قائم

November 25, 2021

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ نے کمرشلائزیشن فیسوں، پراپرٹی ٹیکس اور ڈویلپمنٹ چارجز میں ہوشربا اضافے کیخلاف عوامی نمائندوں کے تحفظات سامنے آنے پر معاملے کے حل کیلئےکمیٹی تشکیل دیدی ۔ کمیٹی ایڈیشنل سی ای او اور پانچ منتخب ممبران پر مشتمل ہو گی جو اپنی تجاویز آئندہ پیر کو متوقع بورڈ میٹنگ میں پیش کرے گی، توقع ہے کہ پہلی بورڈ میٹنگ میں ٹیکسز اور فیسوں میں کئے گئے اضافے کو واپس لے لیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روزسی ای او عمر فاروق ملک سے نو منتخب ممبران ملک محمد منیر احمد ، ارشد قریشی ، رشید خان ، حافظ حسین احمد ملک ، ملک منصور افسر ، ملک امجد علی خان ، چوہدری عبدالشکور ، ملک صغیر احمد ، خرم گل ، حاجی ظفر اقبال اور ملک عثمان نے ملاقات کی ، سی ای او کو ٹیکسز ، کمرشلائزیشن فیسوں اور ڈویلپمنٹ چارجز میں اضافہ سمیت دیگر مسائل پیش کئے گئے ، ایگزیکٹیو آفیسر نے ممبران کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کا انکی مشاورت سے حل نکالا جائے گا، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی پہلی ہی میٹنگ میں وائس پریذیڈنٹ کے انتخاب اور مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لیا جائے گا ،گزشتہ روز کی ملاقات کے دوران تجاوزات کیخلاف بھرپور کارروائی پر بھی اتفاق کیا گیا تاہم تجاوزات کے مرتکب افراد کے خلاف جرمانہ کرکےسامان واپس کرنے کا اختیار متوقع وائس پریذیڈنٹ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔