فٹبال اسٹار کریم بینزیما مجرم قرار، 1 سال قید اور جرمانے کی سزا

November 25, 2021

فرانس اور ریال میڈرڈ کے فٹبال اسٹار کریم بینزیما کو اپنے ایک ساتھی فرانسیسی فٹبالر کو جنسی ٹیپ کے ذریعے بلیک میل کرنے کی سازش کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔

ایک جج نے بینزیما کو ایک سال قید کی معطل سزا سنائی اور 75,000 یورو جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

33 سالہ بینزیما ان 5 افراد میں سے ایک ہیں، جن پر گذشتہ ماہ فرانسیسی شہری میتھیو والبوینا سے تاوان لینے کی کوشش پر مقدمہ چلایا گیا، یہ کیس جون 2015 کا ہے، جب دونوں فٹبالرز ایک فرانسیسی تربیتی کیمپ میں تھے۔

پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ کیمپ میں بینزیما نے والبوینا پر دباؤ ڈالا کہ وہ بلیک میلرز کو پیسے ادا کریں، جن کے ساتھ بینزیما نے ثالث کے طور پر کام کرنے کی سازش کی تھی۔

بینزیما نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے اور اصرار کیا ہے کہ وہ صرف ویلبوینا کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

بینزیما اور یونانی کلب اولمپیا کوس کے لیے کھیلنے والے والبوینا فیصلے کے وقت شہر ورسائی کی عدالت میں موجود نہیں تھے۔

بدھ کے روز مقدمے میں بینزیما کے 4 شریک ملزمان کو بھی قصوروار قرار دیا گیا اور انہیں 18 ماہ سے لے کر ڈھائی سال تک قید کی معطل سزائیں سنائی گئیں۔

بینزیما کے وکلا نے کہا کہ وہ اس کی سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔