اسٹاک مارکیٹ، مندی کا تسلسل برقرار، 428 پوائنٹس کی کمی

November 26, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج، آئی ایم ایف شرائط اور منی بجٹ اعلان کے باعث مندی کاتسلسل چوتھے روز بھی برقرار رہا ،کے ایس ای100انڈیکس میں 428 پوائنٹس کی کمی ہوئی ، 44ہزار پوائنٹس کی حد بھی برقرار نہ رہی ،56.40 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی ،سرمایہ کاری مالیت میں 53ارب 44کروڑ 88لاکھ روپے کی کمی ہوئی ،کاروباری حجم بھی 37.11 فیصد کم ریکارڈ کیا گیا، تفصیلات کے مطابق وفاقی مشیر خزانہ کی جانب سے اعلان کردہ منی بجٹ اور آئی ایم ایف کی سخت شرائط کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں مایوسی اور بے چینی واضح نظر آرہی ہے جس کے باعث مارکیٹ سے سرمائے کے انخلاء دیکھا جا رہا ہے ،سرمائےکے انخلاء کی وجہ سے ہی مندی کا رحجان رواں ہفتے میںمسلسل چوتھے روز بھی برقرار ہے اورجمعرات کو کے ایس ای 100 انڈیکس 427.95پوائنٹس کی کمی سے 44363.70 پوائنٹس سے کم ہو کر 43935.75 پوائنٹس پر آکر بند ہوا،مندی کے باعث کے ایس ای 30انڈیکس بھی 184.74 پوائنٹس کی کمی سے 17124.02 پوائنٹس سے کم ہو کر 16939.28 پوائنٹس پر آگیا ، اور آل شیئرز انڈیکس 213.48 پوائنٹس کی کمی سے 30249.34 پوائنٹس ہو گیا، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 53ارب 44کروڑ 88لاکھ 22ہزار روپے کی کمی سے 7574ارب 5کروڑ 52 لاکھ 93ہزار روپے ہو گئی ،خرید و فروخت میںکمی کے باعث کاروباری حجم 11کروڑ 52لاکھ 14ہزار شیئرز کی کمی سے 19 کروڑ 51 لاکھ 74ہزار شیئرز پر آگیا ، مجموعی طور پر مارکیٹ میں 328 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 121 کے بھاو میں اضافہ ،185 کے بھاو میں کمی اور 22کمپنیوں کے بھاو کی قیمت مستحکم رہی ،جمعرات کو شیئرز کی خرید و فروخت کے لحاظ سے ٹی پی ایل پراپرٹیز،بائیکو پیٹرولیم ،حبکو پاور،ورلڈ کال، اور ٹی آر جی سر فہرست رہے۔