کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لکی پر دل بیگوخیل میں 3 خارجی دہشت گرد ہلاک کردیے۔
سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور لکی مروت پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور 3 خارجی دہشت گرد ہلاک کردیے۔
سی ٹی ڈی اعلامیے کے مطابق ہلاک دہشت گرد پولیس،ایف سی اور شہریوں پر حملوں میں مطلوب تھے، آپریشن میں ٹارگٹ کلر محمد نذیر عرف مجاہد ہلاک ہوا۔
اعلامیے کے مطابق محمد نذیر ٹریفک کانسٹیبلز اور سی ٹی ڈی اہلکار کی شہادت میں ملوث تھا جبکہ دہشت گرد فواد اللہ عرف معاذ اور آفنان خان عرف آفنانی بھی آپریشن میں ہلاک ہوا۔
سی ٹی ڈی اعلامیے کے مطابق فواد اللہ اور آفنان خان سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں مطلوب تھے، دہشت گردوں سے کلاشنکوف، دو 9 ایم ایم پستول اور موبائل فون برآمد ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے کالعدم تنظیم کے 3 کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے سی ٹی ڈی اور پولیس کو شاباش دی۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ دہشت گردوں کے لیے صوبے کی سرزمین تنگ ہو چکی ہے،آخری خارجی کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔