ہارواسکوپ میں دلچسپی رکھنے والے افراد خود پسند اور کم عقلمند ہوتے ہیں، تحقیق

November 26, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ فلکیاتی بروج میں دلچسپی رکھنے والے افراد اور اپنے زائچے (Horoscope) باقاعدگی سے دیکھنے والےلوگ خود پسند اور کم ذہین ہوتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں سوئیڈن میں قائم قدیم ترین لوند یونیورسٹی کے ماہرین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہاروسکوپ دیکھنے والے لوگ نرگسیت پسندانہ رویے رکھتے ہیں۔ تحقیق میں 250؍ افراد کے رویوں کا جائزہ لیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ ایسے لوگوں میں موافقت (agreeableness ) کی شرح زیادہ ہوتی ہے جبکہ یہ لوگ بیرونی دنیا میں بھی زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ تحقیقی مقالے میں لکھا ہے کہ علم فلکیات تیزی سے مقبول ہو رہا ہے حالانکہ ہاروسکوپ کے درست ہونے کے حوالے سے کوئی سائنسی شواہد موجود نہیں۔ ماہرین نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا ہے کہ ستاروں کی چال کے ذریعے انسانی رویوں کا تعلق قائم کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔