ای وی ایم کیلئے فنڈز جاری کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کا حکومت کو خط

November 26, 2021

اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت کو الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے لئے فنڈز جاری کرنے کے لئے خط لکھا ہے۔تفصیل کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق خط لکھ دیا ہے، ای وی ایم سٹوریج کیلئے حکومت کو کوہسار بلاک میں 2 فلور مختص کرنے کی تجویز ، الیکشن کمیشن 8لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں خریدے گا۔ الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور سے معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ ای وی ایم سٹوریج کے لئے حکومت کو کوہسار بلاک میں 2 فلور مختص کرنے کی بھی تجویز دے دی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر آئندہ عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے، اور ہمیں ان 23 ماہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اہم اقدامات کرنے ہیں، الیکشن کمیشن کو 8 لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی اسٹوریج کیلئے ویئر ہائوس درکار ہوگا، جب کہ ڈیٹا سینٹر، کنٹرول سینٹر، جدید لیب، پرنٹنگ اور ٹریننگ سیشنز کے لیے بھی عمارت درکار ہوگی، لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود پلاننگ کمیشن نے عمارت کی تعمیر کے لئے فنڈز جاری نہیں کئے۔