صحافتی تنظیموں کی خاتون صحافی پر حملے کی مذمت

November 26, 2021


لاہور / اسلام آباد (نمائندگان جنگ) صحافتی تنظیموں نے سینئر صحافی احمد نورانی کی اہلیہ اور خاتون صحافی عنبرین فاطمہ پر حملے کی مذمت کی ہے ۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر جاوید فاروقی، نائب صدر سلیمان قریشی، سیکرٹری زاہد چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر، خزانچی زاہد شیروانی اور گورننگ باڈی کےممبران نے لاہور پریس کلب کی کونسل ممبر عنبرین فاطمہ پر نامعلوم شخص کے جان لیوا حملہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ حملہ کرنے والے شخص کو فوری گرفتار کرے اور انہیں ہر طرح سے تحفظ فراہم کیا جائے ادھرپنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر قمرالزمان بھٹی، سینئر نائب صدر محسن علی، نائب صدر محمد بابر، جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن، سینئر جوائنٹ سیکرٹری عطیہ زیدی، جواجنٹ سیکرٹری طارق حسن، خزانچی ندیم شیخ اور ایگزیکٹو کونسل نے بھی حملے کی مذمت کی ۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آر آئی یو جے کے صدر عامر سجاد سید، جنرل سیکرٹری طارق علی ورک اور مجلس عاملہ کے اراکین نے کہا کہ حکومت کب تک صحافیوں اور ان کی فیملی پر ہونے والے حملوں پر خاموش تماشائی بنی رہے گی؟ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیر، جنرل سیکرٹری احتشام کیانی و کابینہ اور ایسوسی ایشن کے ممبران نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ حملہ انتہائی بزدلانہ فعل اور اخلاقیات سے گری ہوئی حرکت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ کوئٹہ یونین آف جرنلسٹس نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔