ینگ ڈاکٹرز احتجاج جاری،او پی ڈی سابقہ اوقات پر بند کرا دی

November 26, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر)پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے شعبہ آوٹ ڈور میں محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے اوقات کار بڑھانے کا معاملہ پر ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج جاری ہے ،گزشتہ روز بھی نشتر ہسپتال، چلڈرن کمپلیکس میں آؤٹ ڈور سابقہ مقررہ اوقات کار پر بند کروا دیئے گئے ،ڈاکٹروں نے نئے اوقات کار ماننے سے انکار کردیا ہے۔یاد رہے کہ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں 15 نومبر سے آوٹ ڈور ٹائمنگ صبح 8 سے شام 4 بجے تک کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا تاہم اس نوٹیفکیشن پر ڈاکٹروں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا اور ڈاکٹروں نے اس پر عمل سے انکار کردیا ہے ،گزشتہ روز ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ملتان کے صدر ڈاکٹر مدثر سرانی کی سربراہی میں وفد نے سابقہ اوقات کار کے مطابق دوپہر دو بجے نشتر ہسپتال کا شعبہ آوٹ ڈور بند کروا دیا اسی طرح چلڈرن کمپلیکس میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈی بند کروا دی اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر شپ والے احکامات نہیں مانے جائیں گے ہسپتالوں کی حالت زار بہتر کرنے ،ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے کی بجائے ایسے فیصلے حکومتی ناکامی کا ثبوت ہیں، ڈاکٹروں کی تعداد پہلے کم ہے اور پی جی آر ہاوس آفیسران 48، 48 گھنٹے کی ڈیوٹیاں کرنے پر مجبور ہیں۔