ڈاکٹر عطاءاللہ صدیقیؒ بڑے مفکر، بلند پایہ مصنف تھے،مقررین

November 27, 2021

لیسٹر ( پ ر) پروفیسر ڈاکٹر عطاءاللہ صدیقیؒ بڑے مفکر، بلند پایہ مصنف، بہترین معلم اور اعلیٰ اخلاق سے مزین انسان تھے، انہوں نے پوری زندگی اسلامی اقدار کو فروغ دینے، رواداری، افہام و تفہیم اور نئی نسل کی رہنمائی کے لیے وقف کی ہوئی تھی، یہی وجہ ہے کہ مارکفیلڈ انسٹیٹیوٹ کے طلبہ ان سے بے حد متاثر تھے۔ ان خیالات کا اظہار مارکفیلڈ انسٹیٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر مناظر احسن نے ڈاکٹر عطاءاللہ صدیقی کی پہلی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عطاء اللہ صدیقیؒ نہ صرف ہمارے ادارے کا بڑا قیمتی اثاثہ تھے بلکہ برطانیہ بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ انہوں نے بین المذاہب مکالمے کو فروغ دیا تاکہ ایک دوسرے کو بہتر انداز سے سمجھا جا سکے، ان کی کوششوں سے مختلف مذاہب کی مذہبی شخصیات ایک دوسرے کے قریب آئیں اور کئی ایسی غلط فہمیوں کا ازالہ ہوا جو دور رہنے کی وجہ سے پیدا ہو جاتی ہیںَ، وہ مسلم،عیسائی کونسل کے بانی صدر بھی تھے، عیسائی مذہب کے ریورنڈ کینن اینڈریو ونگیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے ان کے ساتھ کئی ممالک کا دورہ کیا، میں ان کے اعلیٰ کردار اور دین سے گہری وابستگی سے حیران ہوتا تھا کہ وہ اپنی نمازوں کے بڑے پابند تھے، جہاں بھی نماز کا وقت ہو جاتا وہ اس کی ادائیگی میں کوتاہی نہیں کرتے تھے، ایک بار وہ ایک وفد کے ہمراہ ترکی گئے،وفد مختلف مذاہب کے رہنماؤں پر مشتمل تھا، اس وفد کے سارے اراکین ان سے بے حد متاثر تھے کیونکہ وہ اپنے ساتھیوں کا بے حد خیال رکھتے تھے۔ لیسٹر فیڈریشن آف مسلم کونسل کے صدرعبدالکریم گھی والا نے بتایا کہ ڈاکٹر صدیقیؒ مسلم کمیونٹی کے مسائل کے لیے ہمیشہ متحرک اور پُرعزم رہتے تھے، خاص طور پر وہ نوجوان نسل کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا چاہتے تھے تاکہ نئی نسل اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے۔ مارکفیلڈ انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن کے پرنسپل ڈاکٹر زاہد پرویزِ نے اپنے خطاب میں ان کی علمی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ تعلیم نے انہیں برطانوی یونیورسٹیوں میں اسلامی تعلیم کے سلسلہ میں ایک رپورٹ لکھنے کی ذمہ داری سونپی جس میں انہوں نے حکومت کو جو سفارشات پیش کیں ان کے نتیجے میں حکومت نے ایک بڑی رقم یونیورسٹیوں کو دی تاکہ اسلامی تعلیم کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر صدیقی کئی کتب کے مصنف تھے۔ نیز ان کی ادارت میں کئی میگزین بھی شائع ہوتے رہے۔ اسلامک فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فاروق مراد نے فرمایا کہ وہ ہمیشہ افہام و تفہیم، رواداری، فکری اور اخلاقی شائستگی کا درس دیتے تھے۔ تقریب سے صغریٰ احمد، وسیم یعقوب، ابراہیم موگرہ، سجاد اکرم، فاطمہ خان اور محترمہ رقیہ کے علاوہ مرحوم کی بیٹی اور ان کی اہلیہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کا اہتمام مارکفیلڈ انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن نے کیا تھا، پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔