ایران میں مظاہرین کی سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ملک میں مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں تیزی سے گراوٹ کے خلاف مختلف شہروں میں 5 روز سے احتجاج جاری ہے اور یہ مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صوبے لورستان کے شہر ازنا میں 3 افراد ہلاک اور 17زخمی ہوئے جبکہ صوبے چہار محل اور بختیاری میں ہوئے مظاہروں میں دو افراد ہلاک ہوئے۔
مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے بعد پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ صوبے لورستان میں ہوئے مظاہروں میں بسیج فورس کا ایک اہلکار بھی مارا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کئی شہروں میں مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر بھی دھاوا بولا جبکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث 30 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو ملک بھر میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بھی بند کردیے گئے تھے۔