سندھ اسمبلی، اپوزیشن کا سخت احتجاج، شور شرابا، سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 منظور

November 27, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، ایوان نے اپوزیشن کے سخت احتجاج اور شورشرابے کے باوجودسندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل2021منظور کرلیا۔ اپوزیشن ارکان کے بل نا منظور نامنظور کے نعرے ،بل صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے پیش کیاتھا ۔بل ایوان میں پیش کئے جانے کے موقع پر اپوزیشن نے اس بات پر سخت احتجاج کیا کہ انہیں بل کی نقل تک فراہم نہیں کی گئی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ میرے پاس اپوزیشن جماعتوں کی تحریری تجاویز موجود ہیں اور ہم نے ان میں سے کئی تجاویز کو بل میں شامل کیا ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ بلدیاتی الیکشن نئے قانون کے تحت نہیں چاہتے تو پھر الیکشن پرانے قانون پر کروا لیتے ہیں۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ کوئی صحیفہ نہیں کہ بعد میں اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی۔ بل جب ایوان میں متعارف کرویا گیا تو اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ، زبردست احتجاج کیا۔اس موقع پر ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دی گئیں اور اپوزیشن ارکان نے بل نا منظور نامنظور کے نعرے لگائے۔ اس دوران لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کی ایوان سے مرحلہ وار منظوری لی گئی ۔احتجاج کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے کارروائی کا بائیکاٹ کردیا اور کچھ ہی دیر میں ایوان نے ترمیمی بل کی منظوری دیدی اور وزیر بلدیات کی جانب سے کہا گیا کہ بل متفقہ طور پر منظور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان نے اپنی جمع کرائی گئی ترامیم ایوان میں پیش نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری لیڈر شپ کا ویژن ہے میں سب کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کی خاتون رکن موجود ہیں انہوں نے بھی بل کی حمایت کی ہے ۔ایوان نے اپنی کارروائی کے دوران سندھ اسمبلی نے ٹیلی میڈیسن اینڈ ٹیلی ہیلتھ بل2021 متفقہ طور پر منظور کرلیا ۔ان بلوں کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس برخاست کردیا گیا۔