اتحادوں کی سیاست ناکام ہو چکی، جماعت اسلامی اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑے گی، لیاقت بلوچ

November 27, 2021

اوکاڑہ (نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پی ڈی ایم سمیت کسی بھی سیاسی اتحاد میں شامل نہیں ہوگی، وہ اپنے انتخابی نشان ترازو پر ہی الیکشن لڑے گی،جماعت اسلامی مہنگائی اور آئین شکنی پر حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کر سکتی ہے، جماعت کی خواتین بھی احتجاج کریں گی۔ وہ اوکاڑہ میں ”جنگ“ سے گفتگو کر رہے تھے جہاں وہ نمائندہ جنگ وارث حیدری کو ان کی بیٹی کی شادی پر مبارکباد دینے آئے تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں اتحادوں کی سیاست ناکام ہو چکی ہے،جس وقت پی ڈی ایم کی تشکیل ہوئی اس وقت تو اس کے اثرات کو محسوس کیا جا رہا تھا لیکن اس کے بعد اس اتحاد کے داخلی انتشار کی خبریں نمایاں ہو گئیں،حقیقت تو یہ ہے کہ اتحادوں میں شامل جماعتوں کے ٹکراؤ کی وجہ سے عوام کا اتحادوں کی سیاست سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔