مشترکہ مفادات کیلئے سیا سی جماعتوں کو یکجا ہونا ہوگا، اے این پی

November 27, 2021

کوئٹہ ( آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر جمال الدین رشتیا،جنرل سیکرٹری نذرعلی پیر علیزئی ،شان عالم ،عین الدین ترین ،ثنا اللہ کاکڑ اور ماسٹر عبدالعزیز نے کہا ہے کہ 28نومبر کو کوئٹہ میں ہونے والے پی ٹی ایم کے جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی بھر پور شرکت کریگی ، پشتونوں کی مشترکہ مفادات کیلئے تمام سیا سی جماعتوں کو یکجا ہونا ہوگا۔یہ بات انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قیادت نے پہلے ہی پشتون تحفظ موومنٹ کے جلسے میں شرکت کا اعلان کیا تھا اور اب ضلع کوئٹہ کی جانب سے بھی پی ٹی ایم کے 28نومبر کو ہونے والے جلسہ میں بھر پور شرکت کرینگے کیونکہ یہ جلسہ پشتونوں کے حقوق کیلئے ہورہا ہے اس میں شرکت کرنا لازمی ہے دہشتگردوں کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں مگر علی وزیر کو غداری کے الزام میں گزشتہ ایک سال سے جیلوں میں رکھا گیا ہے نام نہاد جنگ اور آپریشن کی آڑ میں پشتونوں کی نسل کشی کی جارہی ہے جس کی ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کرنگے ۔