بھارت نیوزی لینڈ میچ: ’گٹکا مین‘ کی ویڈیو وائرل

November 27, 2021

بھارت اور نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں گٹکا کھاتے ہوئے شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

کانپور میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک شخص اسٹیڈیم میں بیٹھا بڑے مزے سے گٹکا کھا رہا ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص اسٹیڈیم میں بیٹھا فون پر کسی سے بات کررہا ہے اور اُس کا منہ گٹکے سے بھرا ہوا ہے۔

گٹکا کھانے والے شخص کے ساتھ ایک خاتون بھی موجود ہے جو میچ سے لطف اندوز ہوتی نظر آئی۔

کیمرہ جیسے ہی گٹکا کھانے والے شخص کی طرف آتا ہے تو ساتھ بیٹھی خاتون خوشی کا اظہار کرتی ہے جبکہ وہ شخص بھی فون چھوڑ کر کیمرے میں دیکھ کر ہاتھ ہلاتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گٹکا کھانے والے شخص کا نامشوبت پانڈے ہے جوکہ کانپور کا رہائشی ہے اور یہ شخص ’گٹکا مین‘ کے نام سے مشہور ہے۔

شوبت پانڈے نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’وہ گٹکا نہیں بلکہ چھالیہ کھا رہا تھا اور فون پر اپنے دوستوں سے گفتگو کررہا تھا جوکہ اسٹیڈیم میں ہی موجود تھے جبکہاُن کے ساتھ بیٹھی خاتون اُن کی بہن تھیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہ صرف دس سیکنڈ کی کال تھی اور یہ وائرل ہوگئی، میرا دوست جس سے میں بات کر رہا تھا، وہی تھا جس نے مجھے یہ خبر دی کہ ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔‘

شوبت پانڈے نے مزید کہا کہ ’میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، اسی لیے میں اس بات سے خوفزدہ یا شرمندہ نہیں ہوں، مجھے صرف اس بات کی فکر ہے کہ کچھ لوگ میری بہن کے بارے میں نازیبا تبصرے کر رہے ہیں اور دوسری طرف مجھے میڈیا ہاؤسز سے بے شمار کالز آ رہی ہیں جس کی وجہ سے مجھے اب اس سب سے چِڑ چِڑاہٹ ہورہی ہے۔‘