• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ابھی نہ جاؤ چھوڑ کے‘ گراؤنڈ چھوڑ کر جانیوالے بھارتیوں کو پاکستانی شائقین کا پیغام

کل کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو زور کا جھٹکا لگنے پر گراؤنڈ چھوڑ کر جانے والے بھارتی تماشائیوں کو پاکستانی شائقین نے دلچسپ انداز میں الوداع کیا۔

پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی تاریخی شکست پر ملک بھر میں ہر عُمر کے افراد بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں، کسی نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا تو وہیں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

اب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی شائقین کی جانب سے بنائی گئی ہے۔


یہ ویڈیو اُس وقت کی ہے کہ جب میچ بھارت کے ہاتھوں سے نکل گیا تھا اور پاکستان کی فتح پکّی تھی، بھارت کی شکست کو اپنی آنکھوں سے براہِ راست نہ دیکھنے پر بھارتی تماشائی گراؤنڈ چھوڑ کر جانے لگے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ کے دوران گراؤنڈ کو الوداع کہنے والے بھارتیوں کو جاتا دیکھ کر پاکستانی شائقین نے اُن کی خوب ٹرولنگ کی۔

پاکستانی شائقین نے گنگناتے ہوئے کہا کہ ’ابھی نہ جاؤ چھوڑ کے، کہ دل ابھی بھرا  نہیں، ابھی ابھی تو آئے ہو۔‘

یہ گانا سُن کر غمزدہ بھارتی خاموشی سے گراؤنڈ کو الوداع کہتے ہوئے اپنی ٹیم کو تنہا چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

تازہ ترین