ملالہ یوسفزئی کی گریجویشن پر دیا مرزا کا بھرپور خوشی کا اظہار

November 28, 2021

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)ملالہ یوسفزئی کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی تقریب کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد اُن کیلئے دنیا بھرسے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری لینے کے بعد 24 سالہ گل مکئی کی ٹائم لائن مبارکباد اور نیک خواہشات سے بھرپورہے۔ملالہ کے مداحوں نے سوات میں چائلڈ ایکٹوسٹ ہونے سے لے کر آکسفورڈ گریجویٹ بننے تک کے اس سفر کو ‘متاثر کن’ قرار دیا ہے۔ مبارکباد دینے والوں میں بولی وڈ اسٹار دیا مرزا بھی شامل ہیں جنہوں نے ملالہ کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اپنی بھرپورخوشی کااظہارکیا۔اگست 2017 میں آکسفورڈ میں داخلہ لینے والی ملالہ نے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کے مضامین میں ڈگری لی،یہی مضامین آکسفورڈ سے بینظیر بھٹو اور عمران خان نے بھی پڑھے تھے۔ملالہ اپنی گریجویشن مکمل کرچکی ہیں تاہم باقاعدہ تقریب کا انعقاد اب ہوا ہے۔ گزشتہ سال گریجویشن کے بعد ملالہ نے اپنی ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘ خوشی اور شکریہ کا اظہار کرنا مشکل ہو رہا ہے میں نہیں جانتی کہ آگے کیا ہوگا۔ فی الحال نیٹ فلکس، مطالعہ اور نیند ہو گی’۔اس اہم موقع پر ملالہ کے والد اور شوہر کی جانب سے بھی ٹویٹس سامنے آئیں۔پاکستان کے علاقے سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ امن کے نوبل انعام،سخاروف اورورلڈ چلڈرن پرائز سمیت 40 سے زائد اعزازات احاصل کرچکی ہیں۔