جما عت اسلامی یوتھ مارچ کی اجازت منسوخ، احتجاج پر بحال

November 28, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے جماعت اسلامی کے یوتھ مارچ کی اجازت دے کر ہفتہ کی شب اچانک اجازت نامہ منسوخ کردیا۔ پولیس نے کرسیوں والا ایک ٹرک پکڑلیا اور کارکن بھی حراست میں لے لئے۔ یہ اطلاع ملتے ہی جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکن موقع پر پہنچ گئے اور ایمبیسی روڈ پر موجودجے آئی یوتھ کے کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اسلام آ باد سے جماعت اسلامی کی قیادت کے مذاکرات ہوئے اور ضلعی انتظامیہ نے دو بارہ اجازت دیدی اور کارکن رہا کردیئے ۔ اب آج چار بجے امیر جما عت اسلامی سراج الحق کی زیر قیادت یوتھ ریلی ہوگی جو ڈی چوک تک جا ئے گی۔ دو بجے جماعت اسلامی کی قیادت پریس کانفرنس کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کی تاریخ ہے کہ پابندیوں سے نہ ڈرے ہیں اور نہ پروگرام روکےگئے ہیں کوئی ہمارا پروگرام نہیں روک سکتا ۔ بتایا جائے کس کے کہنے پر پروگرام کو روکاجارہا ہے؟زبیر گوندل، مرکزی صدر جے آئی یوتھ نے کہا کہ عمران خان بتائیں انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد پروگرام کو روکنا کہاں کا انصاف ہے؟ دریں اثناء جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام مہنگائی ، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف اسلام آباد کے ڈی چوک میں منعقد ہو نے والے یوتھ مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ اتوار کو ہونے والے یو تھ مارچ کا آغاز بعد نماز ظہر ہو گا جس میں اسلام آباد اور اس کے گرود نو اح سے نو جوان شر یک ہوں گے ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ، نائب امیر میاں محمد اسلم امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ، ضلعی امیر نصراللہ رندھاوا، سید عارف شیرازی ،جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے صدر زبیر احمد گو ندل یوتھ مارچ کے شر کاءسے خطاب کر یں گے ۔