کانپور: بھارت اور نیوزی لینڈ کا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں

November 29, 2021

کانپور(جنگ نیوز) بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ میچ کے آخری دن بھارتی اسپنرز کا سامنا کرنا کیویز کیلئے چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔ میچ جیتنے کے لیے پانچویں روز نیوزی لینڈ کو 280 رنز درکار ہیں جبکہ بھارت 9 وکٹیں لے کر میچ اپنے نام کرسکتا ہے۔ میچ کی پہلی اننگز میں بھارت نے 345 رنز بنائے جس کے جواب میں کیوی ٹیم 296 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔ بھارت نے اپنی دوسری اننگز 7 کے نقصان پر 234 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تو اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 284 رنز کا ہدف ملا تھا۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے شریاس ایئر نے ایک اور عمدہ اننگز کھیلی، وہ 65رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ وکٹ کیپر ردھیمان ساہا نے بھی ففٹی اسکور کی۔ کائل جیمی سن اور ٹم سائوتھی نے تین تین وکٹ لیے۔ جواب میں چوتھے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 4 رنز بنالیے تھے تاہم وہ ول ینگ کی صورت میں ایک وکٹ گنواچکے ہیں۔