لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے ایکسپو ویکسینیشن سینٹر بند کردیا

November 30, 2021

محکمہ صحت پنجاب نے لاہور میں ایکسپو ویکسینیشن سینٹر بند کردیا ہے۔ کورونا ویکسین لگوانے کے خواہشمند شہری ایکسپو سینٹر آکر خوار ہوگئے۔

محکمہ صحت کے حکام نےاس کا جواز یہ بتایا کہ گھر گھر ویکسینیشن مہم کی وجہ سےاس سینٹر کو کھلا رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں رہا۔

ایکسپو ویکسینیشن سینٹر کی بندش سے ملحقہ علاقوں کےبزرگ، خواتین، طالب علم اور ملاز مت پیشہ افراد خوار ہو کر رہ گئے۔

ایکسپو سینٹر کے باہر آویزاں بینرز پر لکھا ہے کہ شہری ویکسین لگوانے کیلئے پی کے ایل آئی، مینار پاکستان یا سرکاری اسپتالوں کے ویکسین سینٹرز سے رجوع کریں۔

دوسری جانب جناح اور جنرل اسپتالوں میں بچوں کو لگائی جانے والی فائزر ویکسین موجود نہیں۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ گھر گھر مہم کے دوران کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ایکسپو سینٹر پر ویکسین لگانے کا سلسلہ دوبارہ سے شروع کیا جائے۔