انگلینڈ: اومی کرون پھیلاؤ روکنے کے لیے پابندیاں نافذ، پبلک مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار

November 30, 2021

انگلینڈ میں اومی کرون ویرینٹ کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں۔

لندن سےمیڈیا رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں آج سے دکانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازمی ہوگا جبکہ شاپنگ سینٹرز، پوسٹ آفس، بینکس، ہیر ڈریسرز اور فوڈ ٹیک اویز میں بھی ماسک پہننا ہوگا۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والوں کو 2 دن میں پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور ٹیسٹ کا منفی نتیجہ آنے تک مسافروں کو تنہائی اختیار کرنا ہوگی۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں اومی کرون کے 14 کیسز سامنے آچکے ہیں، جس کے بعد حکومت نے تمام بالغ آبادی کو بوسٹر لگوانے کا اہل قرار دے دیا ہے جبکہ 12 سے 15 برس کے بچوں کو ویکسین کی دوسری ڈوز لگوائی جائے گی۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر نیشنل پولیس چیفس کونسل نے پولیس افسران سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کوماسک پہننےکی ترغیب دیں گے۔

اسسٹنٹ کمشنر نیشنل پولیس چیفس کونسل اوون ویدرل نے اس حوالے سے کہا کہ آخری حربے کےطور پر ماسک نہ پہننے والوں کو 200 پاؤنڈ جرمانہ کیاجائےگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 14 دن میں جرمانہ ادا کرنےکی صورت میں ایک سو پاؤنڈ وصول کئےجائیں گے۔