خواتین پرتشدد کی روک تھام کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، نیلوفر بختیار

December 01, 2021

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) قومی کمیشن برائے خواتین کے زیر اہتمام گزشتہ روز فاطمہ جناح یونیورسٹی میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے سیمینار کا اہتمام کیا۔ سیمینار کی مہمان خصوصی چیئرپرسن نیشنل کمیشن فار سٹیٹ آف ویمن نیلوفر بختیار، پارلیمانی سیکرٹری ہیلتھ نوشین حامد اور ایم پی اے فرح آغا تھیں۔ مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواتین پر تشدد کی روک تھام اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔نیلوفر بختیار نے کہا کہ حکومت خواتین پر گھریلوتشدد کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے سب کو مل کر اس سلسلہ میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ ممبر صوبائی اسمبلی فرح آغا نے کہا کہ ڈس ایبل خواتین پر تشدد کیخلاف اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر کام ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواجہ سرائوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھی کام کئے جارہے ہیں۔ سیمینار سےروبینہ اکبر نے بھی خطاب کیا۔