برطانوی فیشن ایوارڈز میں پاکستانی فیشن ڈیزائنر کے چرچے

December 01, 2021

معروف برطانوی ٹیلی ویژن میزبان اور فیشن ڈیزائنر ٹین فرانس نے پیر کے روز برطانوی فیشن ایوارڈز میں پاکستان کے مشہور ڈیزائنر محسن نوید رانجھا کا ڈیزائن کیا ہوا سوٹ پہن کر پاکستان کی نمائندگی کی۔

ٹین فرانس نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر برطانوی فیشن ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ سے اپنی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔

انہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’آج رات انہیں برٹش فیشن ایوارڈز میں اپنے ساتھی پاکستانی ڈیزائنر کا ڈیزائن کیا ہوا سوٹ پہن کر بہت فخر ہوا‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ’ میں نے خود کو اس سے پہلے کبھی اتنا اسٹائلش محسوس نہیں کیا‘۔


ٹین فرانس نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر برطانوی فیشن ایوارڈز کی تقریب سے اپنی ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کی۔

انہوں نے یہ ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کل اسی سوٹ میں اپنی مزید تصاویر بھی شیئر کریں گے۔

جس کے بعد انہوں نے اپنے وعدے کے مطابق پاکستانی ڈیزائنر محسن نوید رانجھا کے ڈیزائن کیے ہوئے سوٹ میں اپنی مزید تصاویر بھی شیئر کیں۔


ٹین فرانس کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر کو ناصرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ برٹش فیشن کونسل کی جانب سے بھی پسند کیا گیا ہے۔