طالبان اور ایرانی فورسز میں سرحد پر جھڑپوں کی اطلاعات

December 01, 2021


افغانستان کی طالبان فورسز اور ایرانی سرحدی فورس کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع موصل ہوئی ہیں، یہ جھڑپ مغربی افغانستان کے صوبہ نمروز کے سرحدی ضلع کُنگ میں ہوئی ہے۔

مقامی افغان صحافیوں نے جیونیوز کو بتایا کہ طالبان اور ایرانی سرحدی فورس کے درمیان جھڑپ نمروز کے سرحدی ضلع میں بدھ کی شام 5 بجے شروع ہوئیں جو آخری اطلاعات تک جاری تھی۔

لڑائی کے دوران طالبان کی جانب سے ہلکے ہتھیاروں کے علاوہ بھاری اسلحہ کا بھی استعمال کیا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق طالبان کی جانب سے تین سرحدی چوکیوں پر قبضہ کا دعوی کیا گیا ہے، جبکہ طالبان نے مزید فوجی کمک بھی طلب کرلی ہے۔

مقامی افغان صحافیوں کے مطابق جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب ایران کی جانب سے سرحد پر چیک پوسٹ کی تعمیر کی جارہی تھی۔

لڑائی کے دوران بعض طالبان فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، لیکن ایران کی جانب کسی زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

خیال رہے کہ ایران اور افغانستان کی حکومتوں کی جانب سے اس سرحدی جھڑپ کے بارے میں کوئی سرکاری بیان ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔

افغانستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد افغان اور ایرانی سرحد پر یہ پہلی جھڑپ ہے۔