تہران (اے ایف پی /جنگ نیوز )ایک امدادی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یومیہ 5 ہزار افغان مہاجرین ہمسایہ ملک ایران میں داخل ہو رہے ہیں، جو پہلے سے ہی 36 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔اے ایف پی کے مطابق ناروے کی پناہ گزینوں کی کونسل نے ایران کے لیے مزید بین الاقوامی حمایت کا مطالبہ کیا ہے جو سخت امریکی اقتصادی پابندیوں کا سامنا کررہا ہے۔کونسل کے سیکریٹری جنرل جان ایجلینڈ نے رواں ہفتے ایران کے دورے کے بعد کہا کہ ایران سے توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ بین الاقوامی برادری کی اتنی کم امداد کے ساتھ اتنے زیادہ افغانوں کی میزبانی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جان لیوا سردی سے پہلے افغانستان کے اندر اور ایران جیسے پڑوسی ممالک میں فوری طور پر امداد کی فراہمی ہونی چاہیے۔کونسل کے سیکریٹری جنرل جان ایجلینڈ نے کہا کہ یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگست میں امریکی زیر قیادت فوجیوں کے انخلا اور طالبان کے کابل میں داخل ہونے کے بعد سے کم از کم 3لاکھ افغان باشندے ایران میں داخل ہو چکے ہیں۔