موبائل سے بھی ٹیکس ریٹرن فائل کیا جاسکتا ہے، ایف بی آر

December 02, 2021

سکھر (بیورورپورٹ ) ایف بی آر کے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو محمد فاروق اعظم میمن نے کہا ہے کہ ٹیکس ریٹرن کے متعلق تاجروں کی سہولت کے لئے آن لائن ٹیکس ریٹرن فائلنگ نظام کو نہایت ہی آسان بنا دیا گیا اور اب موبائل کے ذریعے سے بھی ٹیکس ریٹرن فائل کیا جا سکتا ہے ۔ وہ اپنے دفتر میں سکھر ایوان صنعت و تجارت کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر کے وفد سابق صدور عبد الفتح شیخ، محمد دین ، ایوان عرفان صمد، جاوید اختر و دیگر تاجروں صنعت کاروں کے وفد سے بات جیت کررہے تھے، چیف کمشنر ان لینڈ روینیو محمد فاروق نے وفد کو آگاہ کیا کہ ستمبر سے چیف کمشنر سکھر کا چارج لینے کے بعد ٹیکس ریٹرن میں اضافہ ہوا ہے ۔ ٹیکس ریٹرن کے متعلق سکھر کے کاروباری طبقے سے وابستہ افراد کو معلومات نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کر پاتے ۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے آن لائن ٹیکس ریٹرن فائلنگ نظام کو نہایت ہی آسان بنا دیا گیا اور اب موبائل کے ذریعے سے بھی ٹیکس ریٹرن فائل کیا جا سکتا ہے ۔چیف کمشنر نے مزید بتایا کہ اضافی موصول شدہ ٹیکس کو واپس کرنے کے میکانزم کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے اور ٹیکس ری بیٹ کی درخواستوں کو پورا کیا جا رہا ہے ۔ ایوان کے سابق صدر جناب عبد الفتح شیخ نے چیف کمشنر سے گذارش کی کہ وہ سکھر کے کاروباری طبقے کی جانب سے جمع کرائے گئے ٹیکس کے اعداد و شمار فراہم کریں جس پر چیف کمشنر نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اجلاس کے اختتام میں ایوان کے وفد نے چیف کمشنر صاحب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سکھر ایوان صنعت و تجارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس پر چیف کمشنر دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔