وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے علاقے صدر میں واقع ہوٹلز پر چھاپے مار کر 33 خواتین کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے پاسپورٹ آفس صدر کے قریب دو ہوٹلوں پر چھاپہ مار کر 33 خواتین کو حراست میں لیا۔
خواتین کے ہمراہ انسانی اسمگلرز اور ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 29 پاسپورٹس اور دیگر متعلقہ مواد برآمد ہوا، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ خواتین کو وزٹ ویزا کے بہانے متحدہ عرب امارات بھجوایا جا رہا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق خواتین کو جسم فروشی اور جنسی استحصال کیلئے استعمال کرنے کا منصوبہ تھا، ملزمان کے خلاف تین الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
مقدمات پریوینشن آف ٹریفکنگ ان پرسنز ایکٹ 2018 کے تحت درج کیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔