لاہور کے طلباء نے ’ہیری پوٹر‘ سے متاثر ہوکر فلم بنادی

December 02, 2021

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلباء نے برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ کے ناول پر مبنی شہرہ آفاق ہولی وڈ سیریز ’ہیری پوٹر‘ سے متاثر ہوکرفلم بنادی ۔جی سی یونیورسٹی لاہور میں جاری ہیری پوٹرویک کی دھوم ان دنوں سوشل میڈیا پرہے، فیسٹیول میں یہ فلم بھی دکھائی گئی۔جادو اورفکشن سے بھرپور فلم کی شوٹنگ بھی اسی کالج کی تاریخی عمارت میں کی گئی اورعکسبندی اس بھرپورطریقے سے کی گئی ہے کہ یونیورسٹی کے درودیوارہیری پوٹر کے اسکول ہاگ وارٹس کا منظر یش کررہے ہیں۔ سنگل کیمرہ پر شوٹ کی جانے والی اس فلم میں 15افراد نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔فلم کےڈائریکٹر ایڈیٹر اورسینماٹوگرافرجی سی یونیورسٹی کے سابق طالب علم ولید اکرم ہیں ۔فیسٹیول پانچ دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں پاکستان کی پہلی ہیری پوٹر فین فلم ’دا لاسٹ فالوور اینڈ دا ریسریکشن آف وولڈیمورٹ‘ نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔یہ فین فلم ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم ’دا ڈیتھلی ہیلوز پارٹ ٹو‘ کے 10 سال بعد ریلیز کی جارہی ہے اور اس میں گورنمنٹ کالج کے طلبہ نے دکھایا ہے کہ لارڈ وولڈیمورٹ کی موت کے برسوں بعد ہیری پوٹر کی دنیا میں کیا ہو رہا ہے۔نے 2018 میں اس پروجیکٹ پر کام شروع کیا تھا لیکن 2020 میں کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث فلمسازی تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں عمر ڈار، جازب اکرم، مریم حسن نقوی، طلحہ چہور، دعا مریم اور شیخ مبشر شامل ہیں۔ جب کہ اس فلم میں اسپیشل ایفیکٹس ذیشان حمید نے تخلیق کیے ہیں۔ابراہیم حسن اس فلم کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر اور پروڈکشن ہیڈ ہیں جب کہ شیخ مبشر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور پروڈکشن ہیڈ ہیں۔ حماد جاوید اس پروجیکٹ میں پروڈکشن اسسٹنٹ ہیں۔ہیری پوٹر سیریز کی مصنفہ جے کے رولنگ کے جادوئی دنیا پر مبنی اس ناول کے تمام ایڈیشن ہاتھوں ہاتھ لیے گئے۔