جو مٹی ڈالنے کی کوشش کرے مجھے بتائیں،حکومتی کرپشن بھی سامنے لائیں، کرپٹ لوگوں کو سپورٹ کرنے والوں سے رعایت نہ برتی جائے، عمران خان

December 03, 2021

اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں شامل حکومتی ممبران کو ہدایت کی ہے کہ کرپشن کو سپورٹ کرنے والے کسی شخص سے رعایت نہ برتی جائے‘ سابقہ حکومت کی کرپشن کے کیسز کو منظر عام پر لایا جائے‘ موجودہ دور حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں‘

ان کا کہنا تھا جو کوئی کرپشن کے معاملات پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرے مجھے بتائیں‘ بدعنوانی کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیںگے‘ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی تکالیف کا ادراک ہے‘حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے‘مہنگائی کی وجہ سے غریب ترین لوگوں کو اشیاء ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں‘جو ماضی سے سبق حاصل نہیں کرتے وہ ایک ہی طرح کی غلطیاں بار بار دہراتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان سے پی اے سی میں شامل حکومتی ممبران کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کے پی اے سی ممبران نے کرپشن سے متعلق تمام معاملہ بیوروکریسی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ تمام فائلز بیوروکریسی کے پاس سے گزرتی ہیں‘جتنےکرپشن کے معاملات ہائی لائٹ کرتے ہیں بیوروکریسی دبا دیتی ہے‘ معاملات نیب کو بھجواتے ہیں وہاں بھی کرپشن کیس پر بڑا قدم سامنے نہیں آتا۔

اس موقع پر عمران خان نے ہدایت کی کہ کرپشن کرنے والا جو کوئی بھی ہے اسے قانون کی گرفت میں لائیں ‘گزشتہ حکومتوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق تیاری کے ساتھ اجلاس میں جائیں ۔

دریں اثناءجمعرات کو احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےوزیراعظم کا کہناتھاکہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے‘مہنگائی کی وجہ سے غریب ترین لوگوں کو اشیاء ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں‘زیادہ سے زیادہ غریب گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی تکالیف کا ادراک ہے۔

علاوہ ازیں اپنے بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ جو ماضی سے سبق حاصل نہیں کرتے وہ ایک ہی طرح کی غلطیاں بار بار دہراتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیراعظم نے ہالینڈ کے فلاسفر برچ سپینوزا کا ایک قول بھی ان کی تصویر کے ساتھ شیئر کیا جس میں سپینوزا نے کہا ہے کہ" اگرآپ چاہتے ہیں کہ آپ کا حال آپ کے ماضی سے مختلف ہو تو اپنے ماضی کامطالعہ کریں"۔

مزیدبرآںعمران خان نے ہدایت کی ہے کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے ایک موثر میڈیا کمیونی کیشن حکمت عملی وضع کی جائے۔

جمعرات کوجاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے ملاقات کی۔