منشیات کیس: شاہ رخ کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، ممتا بینرجی

December 03, 2021

ممبئی(این این آئی)بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابینرجی نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان کو شوبز انڈسٹری کے دیگر افراد کی طرح جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ممتابینرجی نے ممبئی میں اپنے سہ روزہ دورے کے دوران ایک عوامی پلیٹ فارم پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں جانتی ہوں مہیش بھٹ کو نشانہ بنایا گیا، شاہ رخ خان کو نشانہ بنایا گیا اور بھی کئی نام ہیں۔مہیش بھٹ کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کہ لبرلز کیسے دائیں بازو سے محفوظ رہ سکتے ہیں کے جواب میں ممتا بینرجی نے کہا بھارت طاقت کے استعمال پر نہیں بلکہ افرادی قوت کے استعمال پر یقین رکھتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمیں بی جے پی کے ظالمانہ، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی رویے کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہیش بھٹ کو بھی بھارت کے انتہا پسند گروپس اور جماعتوں نے بہت زیادہ تنگ کیا تھا، یہ عمل ہمارے قومی اتحاد کو ختم کررہا ہے جس سے صورت حال بتدریج خراب ہوگی۔اس تقریب میں معروف شاعر جاوید اختر، شتروگھن سنہا، رچا چڈا، سویرا بھاسکر ، کامیڈین منور فاروقی اور سیاسی رہنما سدھیرا کلکرنی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو 28 اکتوبر کو منشیات کیس میں بومبے ہائی کورٹ سے ضمانت ملی تھی۔بعد ازاں عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی طو پر ملزمان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے۔