علامہ اقبالؒ نے نوجوانوں کو جینے کا ہنر سکھایا، سردار خان خٹک

December 03, 2021

برمنگھم (نمائندہ جنگ) مفکر پاکستان شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے نوجوانوں کو فلسفہ خودی دےکر انہیں جینے کا ہنر سکھایا۔ ان خیالات کا اظہار ویلش ایسوسی ایشن ایشین ہیریٹیج کے چیئرمین ڈاکٹر اکرم بیگ کی میزبانی میں منعقد ہونے والی تقریب سے ڈپٹی قونصلر جنرل برمنگھم پاکستان سردار محمد خان خٹک نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں منسٹر آف سوشل جسٹس مس جین ہٹ، نتاشہ اصغر، پروفیسر کشیو سنگھ، ڈاکٹر جان اور دیگر کے علاوہ ویلش کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔ وائس قونصلر جنرل سردار محمد خان خٹک کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے ذریں اصولوں سے رہنمائی حاصل کرکے نوجوان نسل کی بہترین تربیت کریں، آنے والے کل میں نوجوان نسل نے ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ ڈاکٹر اکرم بیگ نے کہا کہ برطانیہ ہمارا دوسرا گھر ہے ،ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اپنی ثقافت، کلچر، ورثہ کو مختلف پروگرامز کے ذریعے ویلش کمیونٹی تک پہنچائیں۔ نتاشہ اصغر نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی ثقافت کے ساتھ نہ صرف جڑی رہتی ہیں بلکہ اسے اجاگر کرنے کیلئے مختلف پروگرامز کا انعقاد بھی کرتی ہیں۔ اس موقع پر نوجوان بچوں اور بچیوں نے رومن اور انگلش میں علامہ اقبالؒ کا پیغام پڑھ کر سنایا اور شرکاء سے داد لی،یاد رہے کہ ویلز میں علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت کے حوالے سے پہلی مرتبہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔