بلاول اپنی پارٹی اور والد سے پوچھیں IMF سے ڈیل تو آپ نے کی تھی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

December 03, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی پارٹی اور والد سے پوچھیں، آئی ایم ایف سے ڈیل تو آپ نے کی تھی، آپ کی نالائقی کی وجہ سے ہمیں یہ چیزیں کرنی پڑ رہی ہیں۔ ضلع بٹگرام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ زرداری کا بیٹا سن لے نہ عمران خان بھاگنے والوں میں سے ہے نہ تمہیں بھاگنے دیں گے، 2023ء کا الیکشن بھی تحریک انصاف جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گندم کی بوریوں میں سے مٹی اور چوہے نکلتے ہیں، کراچی کا بیڑا غرق کردیا ہے جہاں پر کھٹارہ بسیں چل رہی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا احتساب 2023ء کے الیکشن میں عوام کریں گے، اگر ہم نے کام نہیں کیا ہوگا تو ہمارا بھی وہی حال ہوگا جو دیگر جماعتوں کا ہوا ہے۔ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔