ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصار اللّٰہ یمن کی خودمختار تنظیم ہے جو اپنے فیصلے خود کرتی ہے، نہ تو وہ کسی سے احکامات لیتی ہے اور نہ ہی کسی کی پراکسی ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں عدم استحکام کی جڑ امریکی فوجی مداخلت اور حاکمانہ پالیسیاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر واشنگٹن حقیقی معنوں میں امن چاہتا ہے تو اسے صرف ایک قدم اٹھانا ہوگا اور وہ یہ کہ خطے میں عدم استحکام پر مبنی اپنی مداخلت بند کردے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بموں اور بیرونی دباؤ سے یمن میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ امن اسی صورت میں ہوگا جب تمام فریقوں کے متفقہ روڈ میپ کی بنیاد پر حقیقی مذاکرات کیے جائیں گے۔