کیا پاکستان میں صنعتیں بند کروا دیں، بھارتی سپریم کورٹ

December 03, 2021

بھارتی سپریم کورٹ نے فضائی آلودگی کیخلاف کیس میں اتر پردیش ریاست کی انوکھی منطق پر طنزیہ ریمارکس دیئے کہ کیا پاکستان میں صنعتیں بند کروا دیں؟

اتر پردیش ریاست نے فضائی آلودگی سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کو بتایا کہ ریاست میں زیادہ تر آلودہ ہوائیں پاکستان سے آ رہی ہیں جس پر بھارتی چیف جسٹس نے طنزیہ سوال کیا کہ کیا آپ پاکستان میں صنعتوں پر پابندی لگانا چاہتے ہیں۔

فضائی آلودگی کیخلاف سماعت میں سولیسٹر جنرل نے فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے اقدامات بتاتے ہوئے کہا کہ فضائی آلودگی پر ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جو ہر شام 6 بجےمیٹنگ کرے گی۔

فضائی آلودگی سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے فلائنگ اسکواڈ مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

نئی دہلی حکومت نے جمع کرائے گئے حلف نامے میں کورونا اسپتالوں کو تعمیراتی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

اس موقع پر عدالت نے فضائی آلودگی کیخلاف درخواست پر سماعت 10دسمبر تک معطل کردی۔

واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کےسبب اسکول ، کالج غیر معینہ مدت کیلئے دوبارہ بند کردیئے گئے ہیں۔