ملک سے خدمات کی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ

December 04, 2021

اسلام آباد(اے پی پی)ملک سے خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر تک کی مدت میں خدمات کی برآمدات سے2.122ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.25 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خدمات کی برآمدات کا حجم 1.708ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق اس مدت میں خدمات کی درآمدات میں 27.33فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ۔مالی سال کے پہلے چار ماہ میں خدمات کی درآمدات کا حجم 3.164ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.485 ارب ڈالر تھا۔ اعدادوشمار کی بنیاد پر جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارے میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 34.10فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ جاری مالی سال کے دوران خدمات کے شعبہ کا تجارتی خسارہ 1.042ارب ڈالر رہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 777ملین ڈالر تھا۔ اکتوبر کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 23.14 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی ہے۔ اکتوبر میں خدمات کی برآمدات کا حجم 532.07ملی ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ سال اکتوبر میں432.07ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔ اکتوبر میں خدمات کی درآمدات میں گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 25.43 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ اکتوبر میں خدمات کے شعبے کی درآمدات کا حجم 814.09ملین ڈالر رہا جو گزشتہ سال اکتوبر میں 649.06 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔