پنجاب یونیورسٹی، طلباء کے دو گروہوں میں تصادم، وی سی آفس پر حملہ

December 04, 2021

لاہور(جنگ نیوز،خصوصی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبہ گروپوں میں تصادم سے خوف وہراس پھیل گیا ۔ ایک گروپ نے وائس چانسلر آفس کا گھیراؤ کرکے اسے نقصان پہنچایا۔ذرائع کے مطابق ایک گروپ نےکینٹین بند کرکے توڑ پھوڑ اورگالم گلوچ کی ، ڈنڈا بردار گروپ نے وائس چانسلر آفس کاگھیراؤ کیا اور رجسٹرار اور دیگر دفاتر کے شیشے توڑ دیے۔ یونیورسٹی کی اپنی سکیورٹی بے بس رہی۔ ایک طلبہ تنظیم کے ترجمان کا کہناہے کہ ان کے پرامن کارکنوں پر قوم پرست کارکنوں نے تشدد کیا اور قوم پرستی کی آڑ میں غیر قانونی افراد یونیورسٹی میں گھس آئے جبکہ دوسری طلبہ تنظیم کا کہنا ہے کہ انکا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اوران سے امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف پولیس کو درخواست دیدی ہے لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے درس گاہ کا ماحول خرا ب کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی قطعا" برداشت نہیں۔ترجمان پنجاب یونیورسٹی نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی نے پولیس کو کارروائی کے لیے درخواست دے دی ہے ۔ یونیورسٹی کے امن و امان کو خراب کرنیوالوں کے ساتھ نرمی نہیں کی جائے گی۔ پولیس کے تعاون سے واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتاری عمل میں لائی جائے گی ۔ ملوث افراد یونیورسٹی کے طالب علم ہوئے تو انہیں یونیورسٹی سے نکال دیں گے ۔ہاسٹلز میں غیر قانونی طور پر مقیم عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے۔