پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ میں مغرور نہیں ہوں بس اتنا جانتا ہوں کہ کہاں کھل کر بات کرنی ہے اور کہاں خود کو محدود رکھنا ہے۔
اُنہوں نے حال ہی میں ایک ویب شو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں مغرور نہیں ہوں، لیکن میں اتنا سمجھدار ہوں کہ مجھے معلوم ہے کہاں کھل کر بات کرنی ہے اور کہاں خود کو محدود رکھنا ہے اور یہ میرا حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مجھے لگے کہ میری اور سامنے والے کی وائب نہیں مل رہی تو میں خاموش ہو جاتا ہوں، کبھی میں لوگوں کے ساتھ آسانی سے گھل مل جاتا ہوں اور کبھی نہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اکثر تقریبات میں نہیں جاتا، کیونکہ جب لوگ پہچان لیتے ہیں، تو پھر وہ ایک مسئلہ بن جاتا ہے، اب میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں ٹام کروز یا شاہ رخ خان ہوں، لیکن کبھی کبھی لوگوں سے ملنا مشکل لگتا ہے اور ہر وقت انسان کا حلیہ بھی اچھا نہیں ہوتا اور ایسے میں لوگ تصویریں بھی لے لیتے ہیں جو اکثر اچھی نہیں آتیں۔
اداکار نے انٹرویوز میں غلطیاں کرنے کے بارے میں کہا کہ میں اتنی غلطیاں نہیں کرتا جتنی میرے اردگرد کے لوگ کر دیتے ہیں، میں مانتا ہوں کہ میں اتنا اہم اور مقبول ہوں کہ لوگ اپنے انٹرویوز میں میرا ذکر کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مشہور شخصیات ہر شو میں میرا ذکر کیوں کرتے ہیں؟
اُنہوں نے کہا کہ مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ مجھے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہر کوئی میرا ذکر کرنا چاہتا ہے، لیکن میں تعریف سے ڈرتا ہوں کیونکہ جب کسی کی زیادہ تعریف ہو جائے تو لوگ یہی سوچنے لگتے ہیں کہ اب اس کو نقصان کیسے پہنچایا جائے۔