پی ڈی ایم ناکام ہو چکی‘ صرف دھمکیوں پر گزارہ کر رہی ہے‘ اسد عمر

December 04, 2021

اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر اسد عمر نے جھنگی سیداں گولڑہ موڑ میں71 کروڑ روپے کی لاگت سے انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عامر کیانی، رکن صوبائی اسمبلی عمر بٹ، عامر مغل اور دیگر قیادت بھی موجود تھی۔ اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کا پیسہ عوام پر لگا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم بری طرح ناکام ہو چکی اور اب صرف دھمکیوں پر گزارہ کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم والے ہر اجلاس میں حکومت گرانے کی تاریخ خود ہی آگے بڑھا دیتے ہیں۔ عامر کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد کینٹ میں قاسم مارکیٹ میں بھی انڈر پاس کا منصوبہ شروع کر دیا جائیگا۔ ایم پی اے عمر بٹ نے 71کروڑ کی لاگت سے انڈر پاس کی تعمیر پر اسد عمر اور دیگر قائدین کا شکریہ ادا کیا۔عامر مغل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔