متھیرا کا حکومت سےعوام کو روزگار فراہم کرنے کا مطالبہ

December 04, 2021

معروف پاکستانی اداکارہ متھیرا نے پاکستان میں مہنگائی اور بے روز گاری کے ہاتھوں مجبور لوگوں کی خودکشی کے واقعات سامنے آنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں نوجوان کے تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کے واقعے پر کہنا ہے کہ’نیا پاکستان فیل ہوگیا، پاکستانی حکومت کو شرم آنی چاہیے‘۔

متھیرا نےاپنے مؤقف کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ’ یہ افسوسناک ہے کہ نوکریاں کم ہیں اور تنخواہوں میں کٹوتی کی جا رہی ہے، جبکہ کورونا بحران کی وجہ سے لوگوں کو وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں کی جارہی۔


انہوں نے مزید کہا کہ’ہر چیز مہنگی ہے حکومت کو چاہیے کہ ملازمتوں کے مزید مواقع لائے ناکہ متوسط ​​طبقےاور نچلے طبقے کو مارنے کے طریقےبتائے‘۔

متھیرا نے لکھا کہ’وہ جاتنی ہیں کہ لوگ ان سے نفرت کریں گے لیکن وہ پھر بھی یہ کہیں گی کہ حکومت بڑی حد تک ناکام رہی ہے‘۔

واضح رہے کہ کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں نوجوان نے تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی، 27 سال کا زہیر بے روزگار تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اس شخص کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اس دوران وہ ہلاک ہوگیا۔

بتایا جارہا ہے کہ 27 سال کا زہیر انچولی بلاک 20 کا رہائشی اور چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، وہ اور ایک بھائی بہت عرصے سے بےروزگار تھے، جبکہ اس کی والدہ اسکول ٹیچر ہیں۔